پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 700 ملین ڈالر کے قرض معاہدے پر دستخط

4

اسلام آباد، 20 جون(اے پی پی ):پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کے ذیلی پروگرام ایس پی ون کے تحت 700 ملین ڈالر کے پالیسی بیسڈ قرض کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ وزارت اقتصادی امور کے ترجمان کے مطابق مجموعی رقم میں سے 250 ملین ڈالر رعایتی شرائط پر فراہم کئے جائیں گے۔

پاکستان کی جانب سے سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد حمیر کریم نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کا مقصد مالیاتی شعبے کو مضبوط بنانا اور جامع اصلاحات متعارف کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام “اڑان پاکستان” اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے انشورنس شعبے کی ترقی کے پانچ سالہ روڈ میپ کی معاونت کرے گا اور قومی مالیاتی شمولیت کی حکمت عملی اور قومی موسمیاتی تبدیلی پالیسی کے اہداف سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔

اس موقع پر اے ڈی بی کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر نے کہا کہ یہ ایک اہم اور انقلابی نوعیت کا پروگرام ہے جس کا مقصد انشورنس شعبے میں نئی کمپنیوں کے داخلے کو آسان بنانا اور انشورنس کمپنیوں کے درمیان منصفانہ مسابقت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اثاثوں کے بیمہ میں نجی انشورنس کمپنیوں کی شمولیت کو بڑھایا جائے گا جبکہ اس پروگرام کے ذریعے ریگولیٹری نظام اور صارفین کے تحفظ کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔