انصاف کی جلد فراہمی کیلئے ضابطہ فوجداری میں 60 سے زائد ترامیم لائی جا رہی ہیں، بیرسٹر عقیل ملک

7

اسلام آباد،20جون(اے پی پی ): وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ انصاف کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضابطہ فوجداری میں 60 سے زائد ترامیم لائی جا رہی ہیں اور اس سلسلے میں کیے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

ہفتہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپیلوں کے لیے ای فائلنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے جبکہ عدالتی اصلاحات کے تحت ججز کی تعیناتی میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور انتخابی اصلاحات کے حوالے سے حکومت نے اپوزیشن کو مذاکرات کی تجویز دی ہے، جس پر سنجیدہ طرز عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ میں متعدد نشستیں خالی ہیں اور عدالتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں عدلیہ کے لیے مزید وسائل مختص کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے اور میثاق جمہوریت کے بعد میثاق پاکستان وقت کی اہم ضرورت ہے۔