برگن سٹاک،سوئٹزرلینڈ۔21جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکہ اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عالمی امن کے لیے اہم موقع ہے،ہم مل کر دنیا میں اتحاد قائم کر سکتے ہیں،مذاکرات کی کامیابی سے دنیا بھر میں امن، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو یہاں’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت ‘‘ کے تسلسل میں پاکستان کی میزبانی میں امریکہ اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کے آغاز کے موقع پر اپنے افتتاحی کلمات میں کیا۔
اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاءاللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سمٹ ہال آمد پر امریکی اور ایرانی وفود کو گرمجوشی سے خوش آمدید کہا،وفود کے ارکان کے ساتھ مصافحہ کیا، ان کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح پر مذاکرات عالمی امن کے لیے اہم موقع ہے،صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ان کی بصیرت افروز اور مدبرانہ قیادت کی بدولت مذاکرات کا انعقاد ممکن ہوا ہے،یہاں امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان بامقصد گفتگو ہوگی اور ہم پر امید ہیں کہ ان کے نتیجہ خیز نتائج برآمد ہوں گے،امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اپنے ملک کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں ،قطر کے وزیراعظم کے کردار کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مذاکرات کے لیے انتہائی اہم کردار ہے،انہوں نے اس کے لیے بہت کاوشیں کیں،انہی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں آج یہاں پہ ہم اکٹھے ہوئے ہیں،مذاکرات کی کامیابی کے لیے انتہائی پر امید ہیں،جس سے دنیا بھر میں امن، ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ آج امن ،ترقی اور بحران کے خاتمے کے لیے عظیم دن ہے۔انہوں نے کہا کہ سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے مشرق وسطی میں استحکام ممکن ہے،تعمیری مذاکرات کے مثبت نتائج حاصل ہوں گے،امن کے لیے ایران کے مثبت کردار کے خواہاں ہیں،معاملات پر مثبت گفت وشنید کی ضرورت ہے،قیام امن کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن اور مذاکرات کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کردار لائق تحسین ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک بہترین سپہ سالار ہیں،پاکستان کے کردار کو دنیا میں سراہا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ امن مذاکرات میں قطر کا کردار بھی قابل تعریف ہے،ہم مستقبل کے لیے مزید بہتر کام کرنا چاہتے ہیں،مشرق وسطیٰ میں امن کا قیام ہماری ترجیح ہے،لبنان کی صورتحال پر تشویش ہے،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ لبنان میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے خطے اور دنیا میں قیام امن اور امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لئے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔











