وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت پنجاب میں خصوصی بچوں میں ہمت کارڈز کی تقسیم کا آغاز

4

لاہور، 21 جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ’’خصوصی بچے، خصوصی توجہ‘‘ کے تحت پنجاب بھر میں 29 ہزار 768 خصوصی بچوں میں ہمت کارڈز کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں مریم نواز سنٹر آف ایکسیلنس اوکاڑہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں معاون خصوصی ثانیہ عاشق نے سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن اور ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن کے ہمراہ ہمت کارڈز کی تقسیم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مریم نواز سنٹر آف ایکسیلنس اوکاڑہ کے 96 خصوصی بچوں میں ہمت کارڈز تقسیم کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ثانیہ عاشق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے مطابق پنجاب بھر میں 29 ہزار 768 اہل خصوصی بچوں کو ہمت کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہمت کارڈ، معاون آلات، معیاری خوراک، تھیراپی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں آٹزم سکول کے سیٹلائٹ کیمپس قائم کیے جائیں گے جہاں خصوصی بچے اپنی اسسمنٹ اور تھیراپی کی سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اس وقت 45 ہزار خصوصی بچوں کو روزانہ کی بنیاد پر فورٹیفائیڈ بسکٹ اور پروٹین سے بھرپور دودھ فراہم کر رہی ہے تاکہ ان کی غذائی ضروریات بہتر انداز میں پوری کی جا سکیں۔
ثانیہ عاشق نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ خصوصی بچوں کو بہترین سے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم خصوصی بچوں اور ان کے والدین کے مسائل کو اپنے ذاتی درد کی طرح محسوس کرتی ہے اور ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمت کارڈ وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک اہم فلاحی اقدام ہے جو خصوصی بچوں کی خودمختاری، خوداعتمادی اور معاشی بہتری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سنٹر آف ایکسیلنس اوکاڑہ میں فراہم کی جانے والی سہولیات نجی شعبے کے اداروں سے بھی بہتر ہیں اور حکومت خصوصی بچوں کو باعزت اور خودمختار زندگی کی جانب گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان آج روشن مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک کا نام عالمی سطح پر روشن ہوا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ خصوصی بچوں کے لیے کیے جانے والے یہ تمام اقدامات وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ذاتی توجہ اور مسلسل نگرانی کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمت کارڈ خصوصی بچوں کے لیے تحفظ، اعتماد اور بہتر مستقبل کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے اور حکومت پنجاب ان کی فلاح و بہبود کے لیے مزید مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔