ملتان ،23 جون (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت سیلاب سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی، جدید ٹیکنالوجی، درست ڈیٹا اور زمینی حقائق کے جائزے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مون سون سیزن کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے فلڈ پلانز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مستند ڈیٹا اور زمینی حقائق سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے مون سون سے قبل حفاظتی انتظامات مکمل کریں اور انسانی جانوں، مویشیوں اور املاک کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے فلڈ پلانز کا ازسرنو جائزہ لے کر انہیں مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب اور اربن یونٹ کے نمائندوں نے فلڈ رسک اسسمنٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جدید سیٹلائٹ میپنگ اور گھر گھر سروے کے ذریعے دریائی علاقوں کا جامع ڈیٹا تیار کر لیا گیا ہے، جس کی مدد سے ریسکیو، انخلا اور امدادی سرگرمیوں کی بہتر منصوبہ بندی ممکن ہوگی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ تحصیل جلال پور پیر والا ضلع ملتان کا سب سے حساس فلڈ ایریا قرار دیا گیا ہے جبکہ فلڈ ڈیٹا کو زمینی حقائق کے مطابق مسلسل اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ اجلاس میں دریائے کنارے آباد آبادیوں میں عوامی آگاہی مہم، محفوظ انخلا کی تربیت اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری پر بھی زور دیا گیا۔











