اسلام آباد جون، 24 (اے پی پی): کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو ایک اور دھچکا، میرپور سے تعلق رکھنے والے کور ممبر رضوان کرامت اور ممبر بلال شیخ نے ویڈیو پیغام کے ذریعے کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔ دونوں رہنماؤں نے آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے کالعدم کمیٹی کی جانب سے پھیلائے جانے والے انتشار کو مسترد کرنے کی اپیل کی۔
رضوان کرامت نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ ممبر کالعدم ایکشن کمیٹی اور سابق صدر جموں و کشمیر ورکرز پارٹی کے طور پر یہ تسلیم کرتے ہیں کہ اس تحریک نے بلیک میلنگ شروع کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹے اور بجلی کے نام پر شروع ہونے والا سفر اب سیاسی بلیک میلنگ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
رضوان کرامت نے کہا کہ یہ تحریک اب کشمیری نوجوانوں کو گمراہ کر کے پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کا ذریعہ بن چکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جو عناصر آج نوجوانوں کو مشتعل کر رہے ہیں وہ خود محفوظ ہیں جبکہ عام شہری اور نوجوان مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان حالات کے پیش نظر کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔
کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کور ممبر بلال شیخ نے بھی لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سستے آٹے اور سستی بجلی کے مطالبات سے شروع ہونے والی تحریک اب دشمن کے ایجنڈے پر چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بعد ان کا کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
واضح رہے کہ کور ممبر بلال شیخ اور رضوان کرامت سے قبل افتخار محمود، انجم زمان اور ایڈووکیٹ امجد علی خان بھی کالعدم ایکشن کمیٹی سے اظہار لاتعلقی کر چکے ہیں۔
ماہرین کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام کالعدم کمیٹی کے مقاصد کو مسترد کر رہے ہیں جبکہ اس کے بعض ارکان بھی اس کے ایجنڈے سے اختلاف کرتے ہوئے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عوامی حقوق کے نام پر انتشار پھیلانے والی کالعدم ایکشن کمیٹی کا مذموم ایجنڈا سامنے آنے سے ان کے ارکان بھی متنفر ہو چکے ہیں۔











