اسلام آباد، 24 جون (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے اپنے دفتر میں مختلف بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں میں خصوصی گرانٹ کے چیکس تقسیم کیے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے تحصیل بار ایسوسی ایشن ٹوپی، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ہنگو،تحصیل بار ایسوسی ایشن کاٹلنگ مردان اور تحصیل خدوخیل تحصیل بار ایسوسی ایشن بونیر کے نمائندوں کو مالی معاونت کے چیکس فراہم کیے۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اور حکومت قانونی اداروں کی مضبوطی اور وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی معاونت جاری رکھے گی۔
بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مالی معاونت قانونی برادری کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں اور فلاحی اقدامات کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔
تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) تحصیل ٹوپی سوابی کے صدر شیراز خان، جنرل سیکریٹری نواز خان، اسرار خان، شمس بہادر اور امجد علی بھی شریک تھے۔ اس کے علاوہ سابق رکن صوبائی اسمبلی ہنگو فرید مظفر، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ہنگو کے صدر ایڈووکیٹ افتخار شاہ، تحصیل بار ایسوسی ایشن کاٹلنگ مردان کے صدر عظیم اللہ، سابق صوبائی اسمبلی کے امیدوار فضلِ رازق خان, سراج سکندر، فرحان سکندر اور خدوخیل تحصیل بار ایسوسی ایشن بونیر کے ایڈووکیٹ زبیر سمیت دیگر شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔











