مسائل کے حل کے لیے قومی ایجنڈے اور خود احتسابی کی ضرورت ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

3

اسلام آباد، 24 جون (اے پی پی ): ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ مسائل کے حل کے لیے قومی ایجنڈے اور خود احتسابی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کی بدولت پوری قوم جس طرح ان کے ساتھ کھڑی ہوئی، اس کے نتیجے میں عالمی امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ممکن ہوئی۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامیابی حاصل کرنا ایک اہم مرحلہ ہوتا ہے تاہم اس کامیابی کو برقرار رکھنا بھی نہایت ضروری ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایوان میں بامعنی گفتگو ہوئی ہے اور قومی مسائل کے حل کے لیے مثبت سوچ اور تعمیری رویے کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم کو قیام امن کے لیے کی جانے والی کوششوں پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آئین کے تمام آرٹیکلز پر مکمل عمل درآمد یقینی   بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے قومی ایجنڈے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ان کی جماعت نے چار مطالبات پیش کیے ہیں۔