ملتان،29 جون (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ضلعی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور عوامی خدمت کی فراہمی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ حکومتی پالیسیوں اور احکامات پر بروقت اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مقررہ اہداف کے مطابق کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو ان کے ثمرات بروقت پہنچ سکیں۔
محمد نعمان صدیق نے سرکاری وسائل کے شفاف، مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیتے ہوئے عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سروس ڈیلیوری میں بہتری اور عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے تمام افسران فیلڈ میں متحرک رہیں اور محکموں کے درمیان بہتر رابطہ اور ہم آہنگی کے ذریعے حکومتی اہداف حاصل کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام محکموں کی کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو معیاری اور بروقت سرکاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔











