ملتان:شہادتِ امام حسینؓ اسلام کی بقا، حق و صداقت اور قربانی کا عظیم درس ہے، خواجہ محمد یوسف نقشبندی مجددی

5

ملتان ،29 جون (اے پی پی):دعوتِ ذکر و فکر ڈیرہ اللہ ہو والا، نیو ملتان کے زیرِ اہتمام سالانہ محفلِ شہادتِ حضرت امام حسینؓ کا انعقاد کیا گیا، جس سے مرکزی امیر دعوتِ ذکر و فکر پاکستان خواجہ محمد یوسف نقشبندی مجددی نے خصوصی خطاب کیا، جبکہ خواجہ جمال نقشبندی، خواجہ سعد نقشبندی اور دیگر مقررین نے بھی حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی اور واقعہ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

اپنے خطاب میں خواجہ محمد یوسف نقشبندی مجددی نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے میدانِ کربلا میں اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی عظیم قربانی پیش کرکے امتِ مسلمہ کو یہ ابدی پیغام دیا کہ اسلام کی سربلندی، حق کی حفاظت اور دینِ محمدیؐ کی بقا کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ باطل اور ظلم کے سامنے سر جھکانے کے بجائے حق و صداقت پر ڈٹے رہنا ہی حسینی کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے اپنی عملی زندگی سے یہ سبق بھی دیا کہ نماز ہر حال میں مومن کی اولین ذمہ داری ہے۔ میدانِ کربلا جیسے نازک ترین حالات میں بھی نماز کی ادائیگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت ہر چیز پر مقدم ہے۔ نماز مومن کی معراج ہے اور سجدہ انسان کو اپنے رب کے قریب کر دیتا ہے۔

خواجہ محمد یوسف نقشبندی مجددی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم امن و آسائش کی زندگی بسر کرنے کے باوجود نماز جیسی عظیم عبادت سے غفلت برت رہے ہیں، حالانکہ پنج وقتہ نماز ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ والدین خود نماز کی پابندی کریں تاکہ نئی نسل بھی ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے دین سے وابستہ ہو اور معاشرے میں دینی شعور، سکون اور اخلاقی اقدار کو فروغ حاصل ہو۔

محفل کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن و استحکام اور شہدائے کربلا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔