پاکستان بیت المال اور ترکیہ کی سماجی تنظیم کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

9

اسلام آباد،30 جون(اے پی پی) پاکستان بیت المال اور جمہوریہ ترکیہ کی معروف سماجی تنظیم ‘ٹیکا’ (Turkish Cooperation and Coordination Agency)

کے باہمی اشتراک سے اسلام آباد میں غریب اور ضرورت مند افراد کے لیے ایک جدید ‘سینٹرلائزڈ کچن’ (Centralized Kitchen) قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فلاحی منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے دونوں اداروں کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے، جس کی تقریب پاکستان بیت المال کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزیروغو (Dr. Irfan Neziroglu) خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ ان کی موجودگی میں منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال، سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ اور ‘ٹیکا’ کی کنٹری ہیڈ صالحہ تونا (Saliha Tuna) نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نیزیروغو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان موجود منفرد اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ سفیر نے پاکستان میں ‘ٹیکا’ کی 16 سال سے زائد عرصے پر محیط سماجی خدمات کا ذکر کیا اور پاکستان بیت المال کے غریب دوست اقدامات کی تائید کرتے ہوئے مستقبل میں بھی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر ایم ڈی پاکستان بیت المال، سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے (TIKA)کی سماجی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ملک کے مجبور اور غریب افراد کی پاکستان بیت المال کے ساتھ جُڑی امیدوں کو مزید مستحکم کرنے اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔

منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایم ڈی بیت المال نے واضح کیا کہ اس سینٹرلائزڈ کچن کے قیام سے روزانہ حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق 15,000 تک معیاری کھانے تیار کیے جائیں گے۔ یہ کھانے پاکستان بیت المال کی موبائل گاڑیوں اور شیلٹر ہومز (پناہ گاہوں) کے ذریعے مجبور، مستحق اور ضرورت مند افراد میں تقسیم کیے جائیں گے۔

‘ٹیکا’ کی کنٹری ہیڈ صالحہ تونا نے بھی منصوبے کی افادیت پر روشنی ڈالی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اس مشترکہ اقدام کے ذریعے ایک بڑی تعداد میں مستحق افراد کو بہترین اور معیاری کھانا میسر آئے گا۔