ملتان، 30 جون (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان تعلیمی بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں بورڈ کے افسران، ملازمین اور بورڈ آف گورنرز کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں فنانس کمیٹی کی سفارشات پر مالی سال 2026-27 کے لیے 3 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔بجٹ سیکرٹری بورڈ خرم قریشی کی جانب سے پیش کیا گیا۔
اجلاس میں بورڈ ملازمین کے لیے پروویڈنٹ فنڈ اسٹیبلشمنٹ کے قیام کی منظوری دی گئی، جبکہ امتحانات کے سپرنٹنڈنٹس، سپروائزری اسٹاف اور امتحانی عملے کے معاوضوں میں بھی اضافہ منظور کیا گیا۔ اسی طرح مختلف کمیٹیوں کے اراکین اور افسران کے معاوضوں میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔بورڈ آف گورنرز نے امتحانی نظام کو مزید شفاف اور موثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل اسکرین مارکنگ کے لیے فنڈز مختص کرنے کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں قائداعظم اسکالرشپ پروگرام کے تحت نمایاں اضافہ کرتے ہوئے میرٹ پر آنے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے ریزیڈنشل طلبہ کی اسکالرشپ 33 ہزار روپے سے بڑھا کر 90 ہزار روپے فی طالب علم کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ نان ریزیڈنشل طلبہ کی اسکالرشپ 21 ہزار روپے سے بڑھا کر 70 ہزار روپے کر دی گئی۔بورڈ آف گورنرز نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے پوزیشن ہولڈرز کے انعامات میں بھی نمایاں اضافہ کیا۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو ایک لاکھ روپے، دوسری پوزیشن پر 75 ہزار روپے اور تیسری پوزیشن پر 50 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ قبل ازیں یہ انعامات بالترتیب 20 ہزار، 15 ہزار اور 10 ہزار روپے تھے۔اجلاس میں حبیب بینک کے ساتھ معاہدے میں توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔











