آئی ایس ایس آئی  میں صومالیہ کے یومِ آزادی کے حوالے سے  تقریب منعقد

5

 اسلام آباد، یکم جولائی ( اے پی پی):  چیئرمین پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ اور سابق سینیٹر  مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاکستان کے افریقی ممالک، بالخصوص صومالیہ، کے ساتھ برادرانہ تعلقات تاریخی نوعیت کے حامل ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (ISSI) میں صومالیہ کے یومِ آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افریقی عوام کی آزادی کی تحریکوں کی ہمیشہ حمایت کی اور صومالیہ کی حمایت کرنے والے اولین ممالک میں شامل رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور صومالیہ دونوں ترقی پذیر ممالک ہیں، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ہیں اور دہشت گردی و انتہا پسندی جیسے مشترکہ چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔

‎مشاہد حسین سید نے کہا کہ دونوں ممالک نے امن کے قیام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور صومالیہ کے درمیان تعلقات اقتصادی، دفاعی، تعلیمی اور انسدادِ دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون کا دائرہ اب متعدد شعبوں تک  وسیع ہو چکا ہے، جبکہ صومالیہ عالمی امن، استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت ملے گی۔