اسلام آباد ، 1 0جولائی ( اے پی پی ): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں دانش سکولوں اور دانش یونیورسٹی کے قیام پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکول اور دانش یونیورسٹی انتہائی اہم قومی اثاثہ ہیں۔ ملک بھر میں دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر قوم کے تابناک مستقبل کے لیے بہترین سرمایہ کاری ہے۔
وزیراعظم نے مظفر آباد میں دانش یونیورسٹی کا ٹیک کیمپس بنانے اور چار و ں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دانش سکولوں کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کا ڈیزائن علاقائی ثقافت سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دانش سکولوں اور یونیورسٹی میں تدریسی اور دیگر عملے کی بھرتی خالصتاً میرٹ پر کی جائے۔
وزیراعظم نے دانش سکولوں کی تعمیر کے حوالے سے تیز پیش رفت پر وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی ٹیم کی پذیرائی کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں 27 دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر کی پیش ر فت سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دانش سکول کری اسلام آباد کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور سکول میں تدریس کا آغاز ہو چکا ہے۔ باغ، بھمبر، سلطان آباد، گانشے اور استور میں دانش سکولوں کی تعمیر مکمل ہونے کو ہے اور اپریل 2027 سے کلاسز شروع ہو جائیں گی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ دانش یونیورسٹی میں تدریسی عملے کی بھرتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ یونیورسٹی میں 2027 سے کلاسز کا آغاز ہو گا اور ملک بھر بالخصوص پسماندہ علاقوں سے میرٹ کی بنیاد پر طلباء کو داخلہ دیا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔











