اسلام آباد، 01 جولائی (اے پی پی ): چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے جس میں نوجوانوں کی ترقی، تعلیم، کھیل، جدت اور ہنرمندی کے فروغ کے لیے نمایاں فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
بدھ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت میرٹ کی بنیاد پر نوجوانوں کو تعلیم، فنی تربیت، ڈیجیٹل مہارتوں اور بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کھیلوں، ہاکی ٹیلنٹ ہنٹ، ای سپورٹس، نیشنل انوویشن ایوارڈز، گرین یوتھ موومنٹ اور نیشنل انکیوبیشن سینٹرز جیسے اقدامات شروع کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔
رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ حکومت نے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور فنی تربیت کے شعبے کے لیے ریکارڈ فنڈز مختص کیے ہیں جبکہ نئے دانش سکولوں کے قیام اور نوجوانوں کو ملکی و بیرون ملک روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔











