پاکستان اور چین سی پیک فیز 2.0 کے تحت اقتصادی تعاون کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، سینیٹر محمد اسحاق ڈار

8

 

اسلام آباد، 01 جولائی (اے پی پی ): نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین سی پیک فیز 2.0 کے تحت اقتصادی تعاون کے نئے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، جس میں صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، معدنیات اور انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ دی جائے گی۔

بدھ کو چینی سفارت خانے میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کے قیام کی 105ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہر موسم کی اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی اور ترقیاتی حکمت عملی کا اہم ستون ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں توانائی، بنیادی ڈھانچے اور روزگار کے مواقع بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ سی پیک 2.0 کے ذریعے اعلیٰ معیار کی ترقی اور باہمی اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔