کھلاڑیوں کو ہیرو اور اسٹار بنانے میں اسپورٹس جرنلسٹس کا کردار کلیدی ہوتا ہے؛شکیل عباسی

3

اسلام آباد، 2 جون ( اے پی پی): سابق قومی ہاکی کپتان اور اولمپین شکیل عباسی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو ہیرو اور اسٹار بنانے میں اسپورٹس جرنلسٹس کا کردار کلیدی ہوتا ہے۔

 عالمی یومِ اسپورٹس جرنلسٹس کے موقع پر اے پی پی خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھلاڑی میدان میں پرفارم کر کے گھر چلے جاتے ہیں، لیکن یہ کھیل صحافی ہی ہیں جو ان کے بچپن، اسکولنگ اور کیریئر کی محنت کو پبلک کے سامنے لا کر انہیں ہیرو کا درجہ دلاتے ہیں۔

 شکیل عباسی کا کہنا تھا کہ اسپورٹس جرنلزم ایک مشکل شعبہ ہے جہاں صحافی کھلاڑیوں کے بعض اوقات سخت رویوں اور ایٹیٹیوڈ کے باوجود انتھک محنت اور رپورٹنگ جاری رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی دن کا انعقاد ایک بہترین اقدام ہے جس سے پاکستان کے نوجوان کھیل صحافیوں کو کرکٹ اور ہاکی کے سینئر اسٹارز سے ملاقات کرنے، ان کے تجربات سے سیکھنے اور آگے بڑھنے کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔