لاہور، 2 0جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ازبکستان کی خودمختار ریاست قراقلپاقستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت کونسل آف منسٹرز کے چیئرمین فرخد ارمانوف کر رہے تھے۔ پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علیشیر توختایوف بھی ملاقات میں شریک تھے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے معزز مہمانوں کا پرتپاک خیر مقدم کرتے ہوئے دونوں خطوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پنجاب اور قراقلپاقستان کے درمیان تجارت، زراعت، لائیو اسٹاک، صنعت، سیاحت اور ثقافتی تبادلوں کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے قراقلپاقستان میں قائم خصوصی اقتصادی زون میں پنجاب کی طرز پر شمولیت کی دعوت دی، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ازبکستان اور قراقلپاقستان کے دورے کی بھی دعوت دی گئی، جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔
ملاقات میں قراقلپاقستان کی جانب سے پاکستانی کاشتکاروں کو آلو کی کاشت کے لیے 100 سے 200 ہیکٹر زمین فراہم کرنے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے لاہور اور نوکوس (Nukus) کو “سسٹر سٹیز” قرار دینے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا تاکہ دونوں شہروں کے درمیان عوامی، ثقافتی اور اقتصادی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب سے قراقلپاقستان اور ازبکستان کی سالانہ 30 ہزار مویشیوں کی طلب پوری کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے لاہور میں ازبکستان کی جانب سے ٹیکسٹائل انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول اور بہترین مواقع فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی راہداری اور علاقائی تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں، جبکہ پنجاب اور قراقلپاقستان کے درمیان مضبوط اقتصادی روابط دونوں خطوں کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے، تجارتی حجم میں اضافے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔











