تہران: 3 جولائی ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی دعوت پر تہران کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ مرحوم سپریم لیڈر رواں برس 28 فروری کو ایران پر ہونے والے حملوں کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری شامل تھے۔ اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی جنازے میں شرکت کی۔
وزیراعظم نے شہید سپریم لیڈر کی اسلام اور ایرانی قوم کے لیے دہائیوں پر محیط بصیرت انگیز خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر مسعود پزشکیان اور ایرانی عوام سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ تہران میں مراسمِ جنازہ کے فوراً بعد وزیراعظم اپنے سرکاری دورۂ ترکیہ کے لیے استنبول روانہ ہو گئے۔











