جدہ، 3 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مکہ ریجن کے قائم مقام گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلوی، گورنر طائف شہزادہ سعود بن نہار بن سعود اور شاہی خاندان کی دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک سعودیہ تاریخی و برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عمرہ و حج کے بہترین انتظامات پر قائم مقام گورنر مکہ ریجن کا خصوصی طور پر شکریہ بھی ادا کیا۔
سعودی گورنر نے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دینے اور ہر ممکن تعاون کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے مابین ہونے والے معاہدے کو خوش آئند قرار دیا اور جدہ میں پہلے بین الاقوامی معیار کے اسٹیڈیم کی تعمیر کے فیصلے کو سراہا۔ قائم مقام گورنر نے اپنے ریجن میں اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے پی سی بی کے ساتھ بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔











