صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین سے سرگودھا چیمبر کے وفد کی ملاقات، صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری اور آسان قرضہ اسکیم پر تبادلہ خیال

4

لاہور، 3 جولائی(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایوان صنعت و تجارت سرگودھا کے وفد نے پیسک ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سرگودھا چیمبر کے صدر خواجہ یاسر قیوم کر رہے تھے۔ ملاقات میں سرگودھا کی صنعت، سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے مسائل، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن (پیسک) مبین الٰہی، ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر عمران ہاشمی، پیسک کے ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر صدر سرگودھا چیمبر خواجہ یاسر قیوم نے بتایا کہ سرگودھا انڈسٹریل اسٹیٹ میں تقریباً 100 صنعتی یونٹس پیداوار میں مصروف ہیں، تاہم صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرگودھا چیمبر آئندہ ماہ اسپین اور جنوبی افریقہ میں مینگو فیسٹیول کے انعقاد کا منصوبہ رکھتا ہے اور صوبائی وزیر کو اس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ حکومت پنجاب رواں سال صوبے کی 23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں اربوں روپے کی لاگت سے صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کا ایک بڑا پروگرام شروع کر رہی ہے، جس سے صنعتکاروں کو جدید سہولیات میسر آئیں گی اور صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے بتایا کہ قائد آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جا رہی ہے، جہاں پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن سے متعلق صنعتیں لگائی جائیں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلد ایوان صنعت و تجارت سرگودھا کا دورہ کریں گے اور مقامی صنعتکاروں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل کا جائزہ لیں گے۔

چوہدری شافع حسین نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ محکمہ ماحولیات کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ادارہ صنعتکاروں کو بلاجواز ہراساں کرے گا تو وہ صنعتکاروں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ حکومت پنجاب صنعتکاری کے عمل کو تیز کرنے کے لیے رواں سال اکتوبر میں آسان قرضہ جات کی ایک بڑی اسکیم متعارف کرا رہی ہے، جس کے تحت بینک آف پنجاب کے ذریعے 300 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اسکیم کی پہلی کیٹیگری میں 10 کروڑ روپے تک بلا سود قرض دیا جائے گا، دوسری کیٹیگری میں 3 فیصد مارک اپ پر ایک ارب روپے جبکہ تیسری کیٹیگری میں 5 فیصد مارک اپ پر 5 ارب روپے تک قرض حاصل کیا جا سکے گا۔ انہوں نے صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ اس تاریخی اسکیم سے بھرپور استفادہ کریں۔

چوہدری شافع حسین نے مزید بتایا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں جاب پلیسمنٹ پورٹل قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صنعتوں کو ضرورت کے مطابق ہنر مند افرادی قوت فراہم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ سرگودھا چیمبر اپنی افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ساتھ معاہدہ کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرگودھا اور ملتان چیمبرز آف کامرس باہمی اشتراک سے اسپین اور جنوبی افریقہ میں مینگو فیسٹیول کا انعقاد کریں تاکہ پاکستانی آم کی عالمی سطح پر بہتر انداز میں تشہیر ہو اور برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔