وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات

4

استنبول، 4 جولائی ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف جو ترکیہ کے سرکاری دورے پر استنبول میں ہیں ،ہفتہ کو استنبول کے وحدتین  محل میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی ۔

دونوں رہنماؤں نے نہایت گرمجوشی اور خیرسگالی کے ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے تمام شعبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، سمندر اور خشکی میں تیل و گیس کی تلاش، کان کنی و معدنیات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی طور پر طے شدہ 5 ارب امریکی ڈالر کے تجارتی ہدف کے حصول کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

صدر رجب طیب اردوان نے ایران اور امریکہ کے درمیان پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا، جن کے نتیجے میں تاریخی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad MoU) پر دستخط ہوئے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی امن کوششوں کی بھرپور حمایت پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے امن عمل کے دوران دونوں ممالک کے درمیان قریبی سفارتی روابط کو بھی سراہا اور خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کے لیے مسلسل کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مؤقف اور اہم قومی مفادات سے متعلق امور پر پاکستان اور ترکیہ کی غیرمتزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

رواں سال ترکیہ میں منعقد ہونے والے پاکستان۔ترکیہ اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل (HLSCC) کے آٹھویں اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر رجب طیب اردوان کو پاکستان کے سرکاری دورے کی  دعوت بھی دی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سمیت دونوں ممالک کے وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔