وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی کی زیرِ صدارت اجلاس، جدید سیوریج نظام پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایات

0

جہلم،5 جولائی ( اے پی پی): وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی کی صدارت مون سون بارشوں کے لئے حفاظتی انتظامات اور ساڑھے ارب روپے مالیت کے جدید سیوریج نظام سے متعلق جائزہ اجلاس  منعقد ہوا جس میں واسا، میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر اداروں کے نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مون سون کے دوران برساتی پانی کی فوری نکاسی اور کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مطلوبہ مشینری، عملے کی دستیابی اور حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع جہلم کی تاریخ کے سیوریج کے سب سے بڑے منصوبے کے تحت 72 کلومیٹر طویل نئی سیوریج لائنوں کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ 3 نئے ڈسپوزل اسٹیشنز کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے۔ مون سون کی تیاریوں کے سلسلے میں 200 سے زائد ملازمین، 11 ڈسپوزل پمپ، 4 سکر مشینیں اور 2 جیٹنگ مشینیں فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ تمام عملہ اس حوالے سے ہائی الرٹ پر ہے۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے ترقیاتی کاموں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واسا حکام کو ہدایت کی کہ زیر عمل منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے جبکہ تمام منصوبے متعین ڈیڈ لائنز میں مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور صورتحال کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔ دریں اثنا وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے جہلم کرکٹ ایسوسی ایشن کی تقریبِ حلف برداری میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

انہوں نے کہاکہ ضلع جہلم شہیدوں، غازیوں اور پاکستان سے محبت کرنے والے باصلاحیت لوگوں کی قابل فخر دھرتی ہے۔ دیگر شعبوں کے علاوہ جہلم کے نوجوانوں کو کرکٹ میں آگے لانے کے لیے لاہور قلندر کے ساتھ اشتراک نہایت کامیاب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہلم میں کرکٹ اسٹیڈیم اور چک اکا کرکٹ گراؤنڈ کی بہتری اور بحالی کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دیں گے۔ وزیر ملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم اس سال بھی جہلم آئے گی، جبکہ آئندہ ہر سال جہلم میں باقاعدہ ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ جہلم کے نوجوان کرکٹ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر جہلم کرکٹ ایسوسی ایشن چوہدری ندیم طارق اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر چوہدری طارق گجر نے جہلم میں کھیلوں کے فروغ، اسپورٹس فنڈز کی منظوری اور نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنے پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے وزیر مملکت کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ جہلم کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور قلندرز کے ٹرائلز کا انعقاد ہوا، جس کے نتیجے میں جہلم کے نوجوان اجمل کو قومی سطح تک پہنچنے کا موقع ملا، جو ضلع کے تمام کھلاڑیوں کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال ہے۔