جہلم،6 جولائی (اے پی پی): وزیر مملکت برائے خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے جہلم میں 90 سال قدیم تاریخی “لاجپت رائے پبلک لائبریری” کی نو تزئین و آرائش کے بعد باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، جس کا مقصد علاقے میں کتاب دوستی اور علمی ورثے کا فروغ ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے لائبریری کی بحالی میں تعاون کرنے والے تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ 1936 میں قائم ہونے والی یہ تاریخی عمارت نوجوان نسل کے لیے ایک قیمتی علمی اثاثہ ہے،جس کا قدیم ثقافتی حسن بحال کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں 500 نئی کتب، جدید لکڑی کے بک شیلف اور نیا فرنیچر فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ پہلی بار فل ٹائم لائبریرین کا تقرر بھی کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مادی ترقی کے ساتھ ذہنی ترقی بھی لازم ہے اور اس تاریخی مقام پر مستقبل میں ملک بھر سے نامور علمی و ادبی شخصیات کو مدعو کر کے خصوصی نشستیں منعقد کی جائیں گی۔
اس تاریخی لائبریری کا بنیادی سنگِ بنیاد لالہ گوراں دتا مل نے اپنے والد کی یاد میں رکھا تھا، جس کا باقاعدہ افتتاح 3 مئی 1936 کو ڈاکٹر گوپی چند بھارگو نے کیا تھا اور اب اسے جدید تقاضوں کے مطابق بحال کر کے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔











