ملتان ایجوکیشن بورڈ آفس میں شارٹ سرکٹ سے آگ، ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی،7 افرادبحفاظت بچالئے

0

ملتان،6جولائی(اے پی پی ): گلگشت میں واقع ایجوکیشن بورڈ ملتان کے سیکنڈ فلور پر  شارٹ سرکٹ کے باعث ریکارڈ روم میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 ملتان نے فوری طور پر امدادی کارروائی کا آغاز کیا اور قریبی ریسکیو اسٹیشن سے چار فائر وہیکلز، ایک ریسکیو وہیکل، ایک ایمبولنس اور ایک موٹر بائیک ایمبولنس سمیت سات ایمرجنسی گاڑیاں جائے وقوعہ پر روانہ کر دیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عمارت کے سیکنڈ فلور کی چھت پر موجود سات افراد کو سیڑھی کے ذریعے بحفاظت نیچے منتقل کیا۔ فائر فائٹرز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریباً 10 منٹ کی مؤثر کارروائی کے بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا، جس کے بعد کولنگ کا عمل بھی جاری رکھا گیا تاکہ آگ دوبارہ نہ بھڑکے۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی واپڈا کنٹرول آپریٹر کو بھی آگاہ کر دیا گیا تھا تاکہ بجلی کی فراہمی معطل کر کے مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ ریسکیو 1122 کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ امدادی آپریشن مکمل احتیاط اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا گیا۔

ریسکیو 1122 نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گھروں، دفاتر اور تجارتی عمارتوں میں بجلی کی تاروں اور برقی نظام کی باقاعدہ جانچ کروائیں، ناقص وائرنگ اور اوور لوڈنگ سے گریز کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دیں تاکہ بروقت امدادی کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔