وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ماریہ فرنانڈا ایسپینوسا کی ملاقات، کثیرالجہتی تعاون کے فروغ اور عالمی امن پر گفتگو

5

اسلام آباد، 6 جولائی  (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار،  ماریہ فرنانڈا ایسپینوسا نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم اور اقوام متحدہ کو ہمیشہ دی جانے والی خصوصی اہمیت کا اعادہ کیا۔

 وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کی آئندہ قیادت چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری، سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مؤثر عمل درآمد، بین الاقوامی قوانین کے احترام، اور رکن ممالک کے درمیان فعال بین الاقوامی تعاون کے ذریعے اقوام متحدہ کے تینوں بنیادی ستونوں کو متوازن انداز میں آگے بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ عالمی امن اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہو سکے۔

اس موقع پر  ماریہ فرنانڈا ایسپینوسا نے شاندار خیرمقدم پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حالیہ علاقائی امن کوششوں میں پاکستان کے قائدانہ کردار کے ساتھ ساتھ گزشتہ کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ میں اس کی فعال اور مؤثر شمولیت کو سراہا، جبکہ انہوں نے 2019 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر کی حیثیت سے اپنے دورہ پاکستان کی یادیں بھی تازہ کیں۔