وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے “اپنا کھیت، اپنا روزگار” سکیم کے تحت 30 ہزار بے زمین خاندانوں میں اراضی الاٹ کر دی

7

 

لاہور, 06جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے “اپنا کھیت، اپنا روزگار” سکیم کے تحت ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے 30 ہزار بے زمین خاندانوں کو ایک لاکھ 21 ہزار ایکڑ قابلِ کاشت سرکاری اراضی 20 سال کے لیے محض 100 روپے سالانہ فی ایکڑ کی علامتی لیز پر الاٹ کر دی۔

وزیراعلیٰ نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب صرف زمین ہی نہیں بلکہ کاشتکاری کے لیے فی ایکڑ 50 ہزار روپے مالی امداد اور محکمہ زراعت کی جانب سے تکنیکی معاونت بھی فراہم کرے گی تاکہ خاندان خود کفیل بن سکیں۔

تقریب کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فیصل آباد کے کامیاب امیدوار عبدالستار کو خود فون کر کے مبارکباد دی اور کہاکہ اب اگلے بیس سال کے لیے آپ ہی اس زمین کے مالک ہیں۔ حکومت آپ کو چار ایکڑ زمین کے ساتھ فی ایکڑ 50 ہزار روپے بھی فراہم کرے گی تاکہ آپ باعزت طریقے سے روزگار حاصل کر سکیں۔

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکیم کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 21 ہزار ایکڑ اراضی الاٹ کی جا رہی ہے۔ تقریباً 60 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ 29 ہزار لاٹس کی بیلٹنگ مکمل کی جا چکی ہے۔ کامیاب امیدواروں کو ایک ہفتے میں الاٹمنٹ لیٹر اور 31 جولائی تک زمین کا قبضہ دے دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ “اپنا کھیت، اپنا روزگار” سکیم کا آغاز رواں سال اپریل میں کیا گیا تھا اور تین ماہ سے بھی کم عرصے میں اسے کامیابی سے مکمل کرنا متعلقہ ٹیم کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے وزیر زراعت، سیکرٹری زراعت، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے مستحق خاندانوں کی عزتِ نفس بحال ہوگی، مالی خودمختاری ملے گی اور زرعی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سکیم مکمل طور پر میرٹ پر مبنی ہے، کسی قسم کی سفارش یا سیاسی مداخلت نہیں ہوئی۔ صرف ایسے مستحق خاندانوں کو زمین دی گئی ہے جن کے پاس اپنی زرعی اراضی نہیں تھی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب کی مزید قابلِ کاشت سرکاری زمین کی نشاندہی کر کے مستقبل میں اس سکیم کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بے زمین خاندان اس سے مستفید ہو سکیں۔