وزیرِ اعظم  شہباز شریف سے پولیو نگرانی بورڈ  کے وفد کی ملاقات 

6

اسلام آباد،7 جولائی (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے پولیو نگرانی بورڈ کے 7 رکنی وفد نے ملاقات  کی ہے۔

وزیرِ اعظم نے وفد کا خیر مقدم کیا اور انسداد پولیو کیلئے تمام شراکت داروں کا حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے بچوں کے مستقبل کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں،پولیو کا خاتمہ اہم  قومی ترجیح ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز  مشترکہ کوششیں مزید تیز کریں۔

وزیراعظم نے اجلاس میں پولیو سے پاک پاکستان کے عزم کی تجدید کی۔

وزیراعظم نے جنوبی خیبر پختونخوا کے پولیو ہاٹ اسپاٹس پر خصوصی توجہ اور مؤثر حکمتِ عملی اپنانے کی ہدایت کی۔

 وزیرِ اعظم نے کہا کہ روٹری انٹرنیشنل، گیٹس فاؤنڈیشن، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف، کنگ سلمان ریلیف، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن USA اور تمام شراکت داروں کے انسداد پولیو کے حوالے سے اقدامات پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ صحت، وزیرِ مملکت برائے صحت، فوکل پرسن انسدادِ پولیو، نیشنل کوارڈینیٹر انسداد پولیو اور حکومتی ٹیم کے تمام ارکان  کے انسداد پولیو کیلئے اقدامات پر لائق تحسین ہیں۔

وفد نے پولیو فری پاکستان کے لیے حکومت کے مؤثر اقدامات کو سراہتے ہوئے نمایاں پیش رفت پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔