نوجوانوں کے لیے ریکارڈ بجٹ مختص، بیرونِ ملک روزگار کے ریکارڈ مواقع فراہم کر رہے ہیں: رانا مشہود

4

اسلام آباد، 7 جولائی  (اے پی پی): وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستانی نوجوانوں کو بیرونِ ملک روزگار کی فراہمی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

 کوتھم کے سی ای او احمد شفیق کو ترک سائپرس کی باہچے شہیر یونیورسٹی  کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ ڈگری دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قائم کردہ خصوصی کمیٹیوں اور الائنڈ ڈیپارٹمنٹس کے ذریعے نوجوانوں کو جدید تربیت فراہم کر کے جاب پلیسمنٹ یقینی بنائی جا رہی ہے، جس کی بدولت گزشتہ سال ساڑھے چھ لاکھ کے ٹارگٹ کے برعکس 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد نوجوانوں کو بیرونِ ملک عزت کا روزگار فراہم کیا گیا۔ انہوں نے چائنہ ماڈل کا حوالہ دیتے ہوئے برین ڈرین کے تاثر کو مسترد کیا اور کہا کہ نوجوانوں کو بیرونِ ملک بھیجنے کے ساتھ ساتھ ان کی پراپر سرٹیفکیشن اور سافٹ سکلز پر کام کیا جا رہا ہے۔

 انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا سفیر قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ بیرونِ ملک ان کا اچھا رویہ پاکستان کے لیے نئے دروازے کھولتا ہے، جبکہ کامیاب سفارت کاری اور دفاعی اداروں کی قربانیوں سے پاکستانی پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔

 رانا مشہود نے واضح کیا کہ دشمن کے ففتھ جنریشن پروپیگنڈے کے باوجود مخلص انویسٹرز اور ماہرین کی موجودگی میں ملک کا مستقبل تابناک ہے اور وزیرِ اعظم نے رواں سال یوتھ انیشیٹوز کے لیے ریکارڈ بجٹ مختص کیا ہے۔