نیویارک، 08 جولائی )اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی چین کے وزیر مملکت داخلہ و سربراہ سپشل سروس بیورو لنگ ژیفینگ سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی تعاون اور پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں وزراء کا داخلی سلامتی کے امور پر اشتراک بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ بارڈر مینجمنٹ، غیر قانونی امیگریشن اور انسداد منشیات کے حوالے سے باہمی معاونت کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ کو ہر سطح پر روکنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی پشت پناہی اور فنڈنگ میں ملوث ممالک کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو مزید آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے سپشل پروٹیکشن پولیس فورس قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے شہریوں کے درمیان عوامی روابط بہت اہم ہیں اور اس ضمن میں ویزا رجیم میں آسانی ضروری ہے۔
چین کے وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ویزہ اور امیگریشن کے حوالے سے درپیش ایشوز کا جائزہ لیا جائے گا۔











