وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ کی کمبوڈیا کے وزیر برائے پوسٹ اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سے ملاقات

5

جنیوا، 8 جولائی) اے پی پی): وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے جنیوا ڈیجیٹل ویک کے تیسرے روز کمبوڈیا کے وزیر برائے پوسٹ اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن چیا وانڈیتھ سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل تعاون، ٹیکنالوجی کے فروغ اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان اور کمبوڈیا نے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ڈیجیٹل شعبے میں تعاون سے دونوں ممالک کو جدید ٹیکنالوجی اور اختراعی منصوبوں سے فائدہ پہنچے گا۔

وفاقی وزیر شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور بین الاقوامی شراکت داری کے ذریعے آئی ٹی شعبے میں ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تعاون سے ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو مزید تیز کیا جا سکتا ہے۔

جنیوا ڈیجیٹل ویک کے دوران پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کو عالمی سطح پر مثبت پذیرائی حاصل ہوئی جبکہ فورم میں پاکستان کی بھرپور اور مؤثر نمائندگی بھی کی گئی۔