مظفر آباد، 9جولائی (اے پی پی):راڑہ مظفرآباد میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان سے محبت کشمیری عوام کے ایمان کا حصہ ہے اور آج کی ریلی نے اس عزم کا بھرپور اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مشکل حالات کے باوجود جس جوش، نظم و ضبط اور قومی جذبے کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عوامی اجتماع اس بات کا واضح پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی منفی بیانیے کی کوئی گنجائش نہیں۔ ان کے بقول، آج عوام کی بھرپور شرکت نے خوف کی فضا کو ختم کر دیا ہے اور لوگوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ پاکستان، قومی یکجہتی اور استحکام کے ساتھ کھڑے ہیں۔











