اسلام آباد ،جولائی (اے پی پی ): وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو اور دیگر اعلیٰ حکام نے جنوری سے 30 جون 2026 تک کی کارکردگی اور اصلاحاتی اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروبار میں آسانی، سرمایہ مارکیٹ کی بہتری، ڈیجیٹل ریگولیٹری نظام اور مختلف اصلاحاتی اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ کاروباری سہولت اور مؤثر ریگولیٹری نظام کے درمیان توازن برقرار رکھنا ضروری ہے، جبکہ ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ طریقہ کار کو بھی مزید آسان بنایا جانا چاہیے تاکہ کاروبار کی لاگت میں کمی اور خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جائزہ مدت کے دوران 18 ہزار سے زائد نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جبکہ کمپنی رجسٹریشن اور دیگر خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن پر بھی پیش رفت جاری ہے۔ اجلاس کو مصنوعی ذہانت پر مبنی کمپنی رجسٹریشن سسٹم، بزنس فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام اور دیگر ڈیجیٹل منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں سرمایہ مارکیٹ کو وسعت دینے، سرمایہ کاروں کی سہولت، آئی پی اوز، انشورنس اور نان بینک مالیاتی شعبے میں جاری اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِ خزانہ نے سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور مالیاتی شعبے کی بہتری کے لیے اصلاحاتی عمل کی حکومتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔











