صدر مملکت آصف علی زرداری سے کرغز پارلیمنٹ کے اسپیکر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

4

بشکیک 8 جولائی ( اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری سے کرغز پارلیمنٹ کے اسپیکر ماماتالیف مارلن ابدیرخمانووچ نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون بڑھانے، تجارت کو وسعت دینے اور عوامی سطح پر رابطوں کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر زرداری نے دوطرفہ تعلقات میں تسلسل کے لیے مضبوط بین الپارلیمانی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان کی قومی اسمبلی میں سرگرم ‘پاک-کرغز پارلیمانی فرینڈشپ گروپ’ کا ذکر کیا۔

ملاقات میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا، صدر کے مشیر ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ بعد ازاں، کرغز اسپیکر نے صدر زرداری کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیہ بھی دیا۔