پاکستان اور چین کی دوستی مضبوط اور دیرپا ہے، قائم مقام صدر

6

اسلام آباد، 9 جولائی (اے پی پی): قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد اور مشترکہ تعاون پر مبنی آہنی بھائی چارے کی مثال ہے۔

وہ پاکستان چین اقتصادی و ثقافتی کونسل کے زیر اہتمام چین کی کمیونسٹ پارٹی کے 105ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

قائم مقام صدر نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت میں چین کی غیر معمولی ترقی مضبوط اداروں، طویل المدتی منصوبہ بندی اور مؤثر طرز حکمرانی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری علاقائی رابطوں اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع، تجارت، تعلیم، صحت اور ثقافتی شعبوں میں تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارت، ٹیکنالوجی، صاف توانائی اور پارلیمانی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ قائم مقام صدر نے چین کی کمیونسٹ پارٹی اور چینی عوام کو پارٹی کے 105ویں یوم تاسیس پر مبارکباد بھی پیش کی۔