ٹیلی میڈیسن منصوبہ دیہی آبادی کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

6

اسلام آباد، 10 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ٹیلی میڈیسن منصوبہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ان کے گھر کے قریب معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

پلگھراں بنیادی مرکز صحت میں ٹیلی میڈیسن مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی تقریباً نصف آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے اور ماضی میں بنیادی مراکز صحت پوری طرح فعال نہیں تھے جس کے باعث لوگوں کو علاج کے لیے شہر کے بڑے ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پمز اور دیگر بڑے سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا بہت زیادہ دباؤ ہے، اس لیے بنیادی سطح پر صحت کی سہولیات کی فراہمی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیلی میڈیسن جیسے منصوبوں سے عوام کو اپنے علاقوں میں ہی ماہر ڈاکٹروں تک رسائی حاصل ہوگی اور بڑے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوگا۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات اور جدید نظام کے فروغ سے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔