پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور چیس فیڈریشن کے اشتراک سے تحصیل سطح پر شطرنج و اسکریبل ٹیلنٹ سامنے لایا جائے گا، راجہ گوہر

22

اسلام آباد، 13 جولائی ( اے پی پی): پاکستان چیس فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری راجہ گوہر نے کہا ہے کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور چیس فیڈریشن کے اشتراک سے گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ ہنٹ اور کھلاڑیوں کی تربیت کا ایک جامع پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت تحصیل سطح سے شطرنج اور اسکریبل کا نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جائے گا۔

اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں ضلعی اور صوبائی سطح پر فیڈریشن کا اسٹرکچر موجود ہے، جہاں کیمپس اور ٹورنامنٹس کے انعقاد سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ابھرنے کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے چیس چیمپئن شپ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ سالانہ کیلنڈر کا ایک اہم ترین ایونٹ ہے جس کے ذریعے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ واضح ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار چیمپئن شپ میں صوبائی کوالیفائرز کے علاوہ اوپن چیلنجرز کو بھی موقع دیا گیا، جس کے نتیجے میں 250 کھلاڑیوں میں سے 24 بہترین پلیئرز شارٹ لسٹ ہوئے ہیں جو اب فائنل مرحلے میں مقابلہ کر کے پاکستان کے اگلے چیس چیمپئن کا فیصلہ کریں گے۔