وزارت خارجہ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں مینگو فیسٹیول کا انعقاد

4

اسلام آباد۔13جولائی(اے پی پی ):وزارت خارجہ کے زیر اہتمام  اسلام آباد میں  مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ،جس کا مقصد پاکستان کے مشہور آموں کی اقسام، معیار اور عالمی منڈیوں میں ان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

 فیسٹیول میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے بطور  مہمان خصوصی  شرکت کی۔ تقریب میں وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام اور مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکا کو پاکستان میں پیدا ہونے والے آموں کی مختلف اقسام، ان کے منفرد ذائقے اور عالمی سطح پر پاکستانی آموں کی مقبولیت سے آگاہ کیا گیا۔

 مینگو فیسٹیول کے ذریعے پاکستان کے زرعی شعبے بالخصوص آم کی پیداوار اور برآمدات کو سفارتی سطح پر فروغ دینے کی کوشش کی گئی۔  فیسٹیول میں غیر ملکی سفارت کاروں نے پاکستانی آموں کے معیار اور ذائقے کو سراہا اور اسے پاکستان کی ثقافتی و زرعی شناخت کا اہم حصہ قرار دیا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے منعقدہ اس  فیسٹیول کا مقصد اقتصادی سفارت کاری کو فروغ دینا اور پاکستان کی زرعی مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانا تھا۔