وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی سابق امیدوار اسمبلی کامران بشیر گورسی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیتی تقریب سے گفتگو

6

اسلام آباد: وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے سابق امیدوار اسمبلی کامران بشیر گورسی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیتی تقریب سے  گفتگو کرتے ہوۓ پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ نوجوان رہنما کامران بشیر گورسی نے کم عمری میں ہزاروں ووٹ حاصل کر کے اپنی سیاسی صلاحیت ثابت کی۔

انہوں نے کامران بشیر گورسی اور ان کے ساتھیوں کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر پارٹی قیادت کی جانب سے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن)، نواز شریف اور شہباز شریف سے عوام کی محبت عملی طور پر سامنے آ رہی ہے،  پونچھ ڈویژن شہداء اور غازیوں کی سرزمین ہے، جس نے قیام پاکستان اور ملکی دفاع میں تاریخی کردار ادا کیا، حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران سرحدی علاقوں کے عوام نے افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

13 جولائی 1931ء کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں،مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ 78 برس سے ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں، مگر ان کا حوصلہ آج بھی بلند ہے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ 10 مئی کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مزید نمایاں ہوا اور دنیا نے اس تنازع کے حل کی ضرورت کو تسلیم کیا۔

امیر مقام نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات 27 جولائی کو بروقت اور مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے،عوامی مینڈیٹ ہی کشمیر کے مستقبل کے فیصلوں کی بنیاد ہوگا اور کشمیری اپنی قیادت خود منتخب کریں گے۔

حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی سمیت تمام معاہدوں پر عملدرآمد کی نگرانی کی ہے اور یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا،   سستی بجلی سمیت عوامی مفاد کے فیصلوں پر عملدرآمد جاری رہے گا، معاہدوں کی منسوخی سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔ کشمیر کے عوام پاکستان اور افواجِ پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا بھرپور اظہار کر رہے ہیں

کامران بشیر گورسی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے ساتھ ایل اے-19 پونچھ II سے انتخابی دستبرداری کا بھی اعلان کر دیا۔