اسلام آباد، 14 جولائی (اے پی پی):الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور خیبر پختونخواہ گورنمنٹ کی طرف سے چیف سیکرٹری و سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور الیکشن کمیشن کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی حکومتوں کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک آئینی تقاضہ ہے۔ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(4) کے تحت بلدیاتی حکومتوں کی معیاد ختم ہونے کے 120 دن کے اندر الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کروانے کا پابند ہے۔
الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ صوبہ خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی اداروں کی معیاد بالترتیب 14 مارچ اور 19 جون 2026 کو ختم ہو چکی ہے۔ الیکشن کمیشن صوبہ کے 23 اضلاع میں حلقہ بندی کا کام مکمل کر چکا ہے اور ان اضلاع میں انتخابات کروانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ لہذا الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(3) اور خیبر پختونخواہ لوکل کونسلز کنڈکٹ آف الیکشنز رولز 2021 کی دفعہ 15(1) کے تحت صوبائی گورنمنٹ کے نمائندگان سے مشاورت کی جا رہی ہے۔ تاکہ قانون کے مطابق ان کی مشاورت سے مذکورہ بالا اضلاع میں الیکشن کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔
چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ نے کمیشن کو بریف کرتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ سے متعلق مشاورت کے لیے چٹھی 8 جولائی 2026 کو موصول ہوئی اور مذکورہ بالا کیس کی سمری فوری طور پر صوبائی کیبنٹ کو بھجوادی گئی ہے۔ چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ انتظامی طور پر ہم کمیشن کی معاونت اور الیکشن کے انتظامات کے لیے تیار ہیں۔
الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری کو کہا کہ وہ مذکورہ بالا سمری کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھی مہیا کریں،اور فیصلہ کیا کہ صوبہ کے 23 اضلاع میں انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کے لیے 15 دن بعد دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔











