وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ سے ترک وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدمیرگوکتاش کی ملاقات

4

اسلام آباد، 14 جولائی (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے ترک وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات ماہینور اوزدمیر گوکتاش سے ملاقات کی،جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سماجی تحفظ، خاندانی بہبود اور فلاحی شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے سماجی تحفظ کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کو حتمی شکل دینے کے لیے پیش رفت تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر غربت کے خاتمے، ادارہ جاتی تعاون، عملے کی استعداد کار میں اضافے اور باہمی تجربات کے تبادلے کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے جدید ڈیجیٹل سماجی تحفظ کے نظام اور کامیاب تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے تاکہ مستحق افراد تک سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔

انہوں نے ترک وفد کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)، پاکستان بیت المال، پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (پی پی اے ایف) اور ٹرسٹ فار وولنٹری آرگنائزیشنز (ٹی وی او) کے کردار اور مختلف فلاحی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں پاکستان بیت المال اور ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) کے درمیان جاری مشترکہ فلاحی منصوبوں کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی فلاح و بہبود کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

ترک وزیر ماہینور اوزدمیر گوکتاش نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے خواتین کی مالی خودمختاری اور معاشی بااختیار بنانے میں اس کے کردار کی تعریف کی۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا اور سماجی تحفظ، غربت کے خاتمے اور سماجی بہبود کے شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دی جائے گی۔