نیویارک، 14 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے نیویارک میں ناروے کے وزیر برائے بین الاقوامی ترقی، آسمنڈ گروور آکرسٹ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور ناروے کے درمیان باہمی تعاون، پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پروفیسر احسن اقبال نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر تعلیم، ابتدائی بچپن کی نشوونما اور بلیو اکانومی سمیت مختلف شعبوں میں تجربات کے تبادلے اور تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں وزراء نے پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ ناروے کے وزیر نے پاکستان کے دورے میں دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔











