اسلام آباد،14جولائی(اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم کے نیشنل یوتھ کونسل کے چوتھے بیچ کے لیے درخواستوں کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر کے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ قومی پالیسی سازی میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے اس منفرد موقع سے بھرپور استفادہ کریں۔
رانا مشہود احمد خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے نوجوان ہیں جو نہ صرف ملک کا مستقبل بلکہ آج کے رہنما بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ کونسل نوجوانوں کو وفاقی اور صوبائی سطح پر پالیسی سازوں کے ساتھ براہِ راست کام کرنے اور قومی فیصلوں میں اپنی رائے شامل کرنے کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منتخب نوجوان دو سالہ مدت کے لیے خدمات انجام دیں گے اور وزیراعظم پاکستان کے یوتھ ایڈوائزری بورڈ کا حصہ بنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کونسل کے ارکان روزگار، نوجوانوں کی شمولیت، پالیسی سازی، موسمیاتی تبدیلی، گرین اکانومی، سماجی سرگرمیوں اور محروم طبقات کی فلاح سمیت مختلف شعبوں میں اپنی تجاویز اور صلاحیتوں سے قومی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 15 سے 29 سال عمر کے تمام پاکستانی شہری اس پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ یہ موقع چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کے لیے یکساں طور پر دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخاب کا عمل مکمل میرٹ، شفافیت اور مساوی نمائندگی کی بنیاد پر ہوگا، جس میں خواتین، اقلیتوں، خواجہ سرا افراد، اقلیتوں اور خصوصی افراد کی شمولیت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
رانا مشہود احمد خان نے اپنے ویڈیو پیغام کے اختتام پر نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل پر جا کر اپنی درخواست جمع کرائیں، اپنے خیالات اور وژن کو قومی قیادت تک پہنچائیں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی توانائی، صلاحیت اور قیادت ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔











