فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ترکیہ کا اعلیٰ سطحی سرکاری دورہ, علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال

6

راولپنڈی ،14جولائی (اے پی پی): فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ہلالِ جرأت، نشانِ امتیاز (ملٹری)۔ چیف آف آرمی اسٹاف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز اس وقت جمہوریہ ترکیہ کے اعلیٰ سطحی سرکاری دورے پر ہیں۔

اس دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے جڑوں والے اسٹریٹجک اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

آمد پر فیلڈ مارشل کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا جو پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ترکیہ کی سیاسی اور فوجی قیادت سے متعدد اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صدر محترم رجب طیب اردوغان اور وزیر قومی دفاع یاشار گلر سے ملاقات کر کے باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا۔

ان اعلیٰ سطحی مذاکرات میں دونوں ممالک کے بدلتے ہوئے جغرافیائی سیاسی ماحول میں مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ترک جنرل اسٹاف TGS ہیڈکوارٹر میں فیلڈ مارشل کا گارڈ آف آنر کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ انہوں نے چیف آف دی ترک جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بائرکٹاروغلو سے تفصیلی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی پیشہ ورانہ امور پر گفتگو کی۔

جنرل سلچوک بائرکٹاروغلو نے فیلڈ مارشل کو دوطرفہ فوجی تعاون کو فروغ دینے میں ان کی مثالی خدمات اور عزم کے اعتراف میں ترک مسلح افواج کا ممتاز سروس میڈل عطا کیا۔فیلڈ مارشل نے ترک لینڈ فورسز TLF ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ کیا جہاں کمانڈر آف دی ترک لینڈ فورسز جنرل میتن ٹوکل نے ان کا استقبال کیا۔

فیلڈ مارشل نے انیت کبیر، مصطفی کمال اتاترک کے مزار پر بھی حاضری دی۔ وہاں انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور جدید ترکیہ کے بانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اتاترک کی بصیرت افروز قیادت اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کو سراہا۔

فیلڈ مارشل کا یہ دورہ دونوں ممالک کے کثیر جہتی دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوشیں جاری رکھنے کے عزم کا مظہر ہے۔