پاکستان کا مغربی افریقہ اور ساحل خطے میں امن،علاقائی تعاون اور پائیدار ترقی کی حمایت کا اعادہ

7

اقوام متحدہ،15 جولائی (اے پی پی): پاکستان نے مغربی افریقہ اور ساحل خطے میں امن،استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے اپنی مضبوط حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ خطے کو درپیش پیچیدہ سیاسی،سلامتی، انسانی اور ترقیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی ملکیت،علاقائی تعاون اور مسلسل بین الاقوامی حمایت ناگزیر ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مغربی افریقہ اور ساحل کے لیے اقوام متحدہ کے دفتر (UNOWAS)

پر ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب،سفیر عاصم افتخار احمد نے جامع بریفنگ پر خصوصی نمائندے کی تعریف کی اور خطے میں احتیاطی سفارت کاری،جامع سیاسی مکالمے اورعلاقائی تعاون کے فروغ میں یو این او واس کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ادارے کے آئندہ آزادانہ اسٹریٹجک جائزے کا بھی خیرمقدم کیا۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے خطے کے ممالک کی خودمختاری،آزادی اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ریاستوں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر زور دیا۔ انہوں نے افریقہ کے ساتھ پاکستان کی دیرینہ، گہری اور ہمہ جہت شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی امن دستوں نے پورے افریقی براعظم میں اقوام متحدہ کی امن قائم کرنے اور امن کے استحکام کی کوششوں میں نمایاں خدمات انجام دیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ افریقہ کے ساتھ ہماری شراکت داری دیرینہ، مضبوط اور ہمہ جہت ہے۔ پاکستانی امن دستوں نے پورے افریقی براعظم میں اقوام متحدہ کی امن قائم کرنے اور امن سازی کی کوششوں میں امتیازی خدمات انجام دیں ہیں۔

سفیر عاصم نے مغربی افریقہ اور ساحل میں دہشت گردی کے مسلسل خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی اور پُرتشدد انتہا پسندی کے مؤثر تدارک کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ایسی جامع حکمت عملی درکار ہے جو مؤثر سیکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی بنیادی وجوہات کے خاتمے پر بھی توجہ دے۔

مستقل مندوب نے علاقائی تعاون کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیتے ہوئے ایکوواس (ECOWAS) اور کنفیڈریشن آف ساحل اسٹیٹس کے درمیان جاری روابط کا خیرمقدم کیا اور اعتماد کی بحالی اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل مکالمے کی حوصلہ افزائی کی۔

پاکستان کے افریقہ کے ساتھ مضبوط تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔