وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کا پریس کانفرنس سے خطاب

4

اسلام آباد، 15 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ کیئر کے شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کی معیشت اور صنعتی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے مشترکہ سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی صنعت کو فروغ دینے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال اور وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان چین فارماسیوٹیکل اینڈ ہیلتھ کیئر بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس 17 اور 18 جولائی کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جس میں دونوں ممالک کی سرکردہ کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں، کنٹریکٹ مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دوران معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط بھی کیے جائیں گے، جبکہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے متعلقہ اداروں کے خصوصی سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ سرمایہ کاری کے عمل کو مزید مؤثر اور آسان بنایا جا سکے۔ حکومت صنعتی ترقی، مقامی پیداوار اور برآمدات کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔