اسلام آباد، 15 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین فارماسیوٹیکل اینڈ ہیلتھ کیئر بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس 2026 دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دوران پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان براہ راست کاروباری ملاقاتوں (B2B) کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں مشترکہ منصوبوں، کنٹریکٹ مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے مختلف مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا۔
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے کانفرنس کے مقام پر بورڈ آف انویسٹمنٹ ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP)، وزارت قومی صحت اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے خصوصی سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے، جہاں سرمایہ کاروں کو ریگولیٹری امور، لائسنسنگ، مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری سے متعلق رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس کانفرنس کے نتیجے میں پاکستان میں دواسازی اور طبی آلات کی صنعت میں نئی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور مقامی پیداوار کے فروغ کی راہ ہموار ہوگی۔











