اسلام آباد، 15 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت بدھ کو ایک اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ازبکستان کے نائب وزیراعظم جمشید خوجایوف کے 20 اور 21 جولائی کو متوقع دورۂ پاکستان کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں دورے کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان پانچ سالہ اقتصادی تعاون کے روڈ میپ پر دستخط سمیت دوطرفہ تعاون سے متعلق مختلف امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ ازبکستان کے نائب وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سالہ اقتصادی تعاون کا روڈ میپ باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ دورے کی تمام تیاریاں بروقت اور فول پروف انداز میں مکمل کی جائیں۔
احد چیمہ نے بتایا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر اتفاق رائے ہو چکا ہے، جبکہ دورے کے دوران پاک۔ازبک بزنس ٹو بزنس فورم بھی منعقد کیا جائے گا جس میں ازبکستان کی 100 سے زائد بڑی کمپنیاں شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ فورم کے دوران زراعت، ادویات، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
اجلاس میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سڑک اور ریل رابطوں کو مزید بہتر بنانے، ٹرانسپورٹ راہداریوں کی استعداد کار بڑھانے اور لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے سے متعلق تجاویز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، سیکرٹری ریلوے مظہر علی شاہ، سیکرٹری کامرس جواد پال، سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم، سیکرٹری اقتصادی امور حمیر کریم سمیت متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











