اسلام آباد 16 جولائی(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت ملک میں گندم اور پٹرولیم مصنوعات کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر، سیکرٹری قومی غذائی تحفظ، چیئرمین اوگرا، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی چیف سیکرٹریز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت تمام صوبوں میں گندم کی طلب اور رسد معمول کے مطابق ہے۔ وفاقی وزیر احد چیمہ نے ہدایت کی کہ عوام کو گندم کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور جہاں اضافی ضرورت پیش آئے وہاں پاسکو کے ذخائر سے گندم فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ اور گندم کی مسلسل دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر نے یقین دہانی کرائی کہ پاسکو صوبائی حکومتوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
اجلاس میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں صوبائی چیف سیکرٹریز نے اوگرا کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے اور ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل دستیابی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔









