پنجاب اسمبلی میں پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر تین روزہ تصویری نمائش کا آغاز

6

لاہور 16 جولائی ( اے پی پی )سپیکر ملک محمد احمد خاں اور چین کے قونصل جنرل سن یان نے پنجاب اسمبلی میں پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر تین روزہ تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔ نمائش میں پاک چین دوستی، تاریخی تعلقات، سفارتی روابط اور مشترکہ ترقی کے سفر کو نادر تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔

تقریب میں صدر ینگ پارلیمنٹرینز فورم آمینہ حسن شیخ، چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خاں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ تعاون کی روشن مثال ہے۔ ایسی نمائشیں نوجوان نسل کو پاک چین تعلقات کی تاریخ اور مشترکہ کامیابیوں سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

ا سپیکر ملک محمد احمد خاں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کی شراکت داری خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ چین کے قونصل جنرل سن یان نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش میں مضبوط ثابت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط اور ثقافتی تبادلے مستقبل میں پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے۔ مختلف جامعات اور تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے تصویری نمائش کا دورہ کیا اور پاک چین دوستی کے تاریخی سفر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

 شرکاء نے نمائش میں پیش کی گئی نادر تصاویر کو پاک چین تعلقات کی مضبوط تاریخ کی مؤثر عکاسی قرار دیا۔ تین روزہ تصویری نمائش عوام، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے کھلی رہے گی۔